سندھ حکومت کی جانب سے رات گئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے اعلان پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ رات کی تاریکی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے کراچی اورحیدرآباد پر شب خون مارا۔
انہوں نے کہا کہ کارکن تیار رہیں صبح لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، احتجاج کریں گے، عدالت اور الیکشن کمیشن بھی جائیں گے۔امیرجماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے ہمارا حق چھین لیا ہے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کےاعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے رات کی تاریکی میں الیکشن سے فرار کا راستہ نکالا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمہوریت کے دعویدار جمہوریت کے قاتل ہیں، سندھ حکومت نے ہٹ دھرمی سے عدالتی فیصلے کی توہین کی۔