پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے زمان پارک لاہور میں سینئر قیادت کا مشاورتی اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس کی صدارت پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کریں گے۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نگران وزیرِ اعلیٰ کے ناموں کے لیے خط لکھنے کی منظوری دی جائے گی۔
نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے اچھی شہرت کے حامل بیورو کریٹس، سابق جج صاحبان اور سماجی شخصیات کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔پارٹی چیئرمین عمران خان مسلم لیگ ق سے مشاورت کے بعد 3 ناموں کی حتمی منظوری دیں گے۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے مطابق نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے نام کے لیے حمزہ شہباز کو آج ہی خط لکھا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اور حکومتی اتحاد 3 نام دیں گے۔ترجمان پنجاب حکومت نے یہ بھی بتایا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی پر بھی تبادلۂ خیال ہو گا۔