بابراعظم کو صرف ایک فارمیٹ میں کپتان بنانے پر غور شروع

13  جنوری‬‮  2023

 قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل خراب پرفارمنس پر بابراعظم کو محض ایک فارمیٹ میں ٹیم کا کپتان بنانے پر غور شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد بابراعظم کو محض ایک فارمیٹ میں کپتان بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔ ٹیسٹ میں قیادت سرفراز احمد کو سونپنے کا امکان ہے،بابر اعظم بدستور ٹی ٹوئنٹی میں فرائض نبھاتے رہیں گے،شان مسعود کو ون ڈے میں کپتان بنانے کی باتیں ہورہی ہیں، اسی لیے انھیں نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں نائب قائد کی ذمہ داری دی گئی لیکن ٹیم مینجمنٹ نے ابتدائی دونوں میچز میں نہیں کھلایا۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی سمجھتی ہے کہ ٹاپ بیٹر پر کام کا دبائو بہت زیادہ ہے، بیٹنگ کے ساتھ انھیں قیادت کے معاملات بھی دیکھنا پڑتے ہیں،اسی لیے تینوں طرز میں الگ کپتان مقرر کرنے پر غور ہونے لگا ہے۔

بابر کو ٹی20 میں قائد برقرار رکھے جانے کا قوی امکان ہے، ان کی زیرقیادت قومی ٹیم نے گزشتہ سال ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا، ٹیسٹ میں ایک بار پھر سرفراز احمد کو ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے، انھوں نے کیویز کےخلاف سب سے زیادہ رنز بنائے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے، دوسرے ٹیسٹ میں سرفراز کی سنچری سے تقویت پاکر پاکستان نے شکست کو پرے دھکیلا تھا، ون ڈے میں شان مسعود کو کپتان بنانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہوم سیزن کے اختتام پر بابراعظم کی کپتانی کے مستقبل فیصلہ ہوگا جبکہ ہیڈکوچ ثقلین مشتاق اور بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے مدت ملازمت کے حوالے سے معاہدہ بھی فروری میں مکمل ہوجائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئندہ عرصے میں چند اہم اور بڑے فیصلے متوقع ہیں، جس میں کپتان، کوچ، بالنگ کوچ اور سپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔

عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے شان مسعود کو نائب کپتان بنائے جانے کا فیصلہ بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جبکہ تینوں فارمیٹ میں بابراعظم کا اثر و رسوخ کم کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی رپورٹس گردش کررہیں تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کیلئے تینوں فارمیٹس میں الگ الگ کپتان مقرر کیے جاسکتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved