افغانستان میں سابق خاتون رُکنِ پارلیمان مرسل نبی زادہ کو ان کے گھر میں گارڈ سمیت فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پارلیمنٹ کی ایک سابق خاتون رکن مرسل نبی خانزادہ کے گھر میں ایک مسلح شخص گھس آیا جسے ان کے گارڈ نے روکنے کی کوشش بھی کی۔
مسلح شخص کی فائرنگ میں خاتون سابق رکن اسمبلی اور ان کا گارڈ گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ خاتون رکن اسمبلی کے بھائی شدید زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
طالبان حکام کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہوگیا اور تاحال اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم پولیس قاتل کو جلد گرفتار کرلے گی۔ ملک میں دہشت گردی کے عنصر کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ طالبان کے افغانستان میں برسر اقتدار آنے کے بعد سے کئی سیاسی رہنما بیرون ملک جا چکے ہیں تاہم خاتون رکن اسمبلی مرسل نبی زادہ نے ملک میں ہی رہنے کو ترجیح دی تھی۔