وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ حافظ نعیم کو میں نے اور ناصر حسین شاہ نے فون کرکے پوچھا کہ جو بھی کراچی کا میئر بنتا ہے وہ رونا دھونا نہ کرے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کی مہربانی ہے کہ انہوں نے ہمیں سپورٹ کیا، کراچی میں 235 میں سے100سےزائد سیٹیں ملنےکی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات انتہائی پرامن رہے، کل لا اینڈ آرڈر کے کچھ مسائل تھے لیکن ہم نے حل کیے، پورے الیکشن میں مجموعی طور پر 13 واقعات ہوئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس بار کوئی آر ٹی ایس نہیں تھا،کمپائلیشن مینول ہے اور ٹریننگ کا فقدان تھا، حافظ نعیم کو میں نے اور ناصر حسین شاہ نے فون کرکے پوچھا، جو بھی کراچی کا میئر بنتا ہے وہ رونا دھونا نہ کرے، ہم نے ٹاؤنز بنائے ہیں ان کو اختیارات ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سے آخری وقت تک کہا کہ انتخابات لڑیں، الیکشن میں بائیکاٹ کے نتائج پیپلزپارٹی آج تک بھگت رہی ہے، ایم کیو ایم کا اپنا فیصلہ تھا، ٹرن آؤٹ میں دو باتیں ہیں، ایک توآخری وقت تک بے یقینی کی کیفیت تھی، دوسرا ایم کیو ایم بڑی جماعت ہے اس کے بائیکاٹ کا اثر پڑا۔