پرویز الہٰی کی پارٹی رکنیت معطل، شوکاز نوٹس جاری

16  جنوری‬‮  2023

پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔

لاہور میں مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی کے پارٹی سے متعلق بیانات پر اجلاس طلب کیا جس میں طارق بشیرچیمہ، سالک حسین اور شافع حسین نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد پرویز الہیٰ کو شو کاز نوٹس جاری کردیا گیا اور ان کی رکنیت معطل کردی گئی۔
شوکاز میں چوہدری شجاعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارٹی کا صوبائی صدر پارٹی کو دوسری جماعت میں ضم نہیں کرسکتا،پرویز الہٰی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت دیں، مسلم لیگ ق بطورسیاسی جماعت اپنا ووٹ بینک، ڈسپلن، منشور اور ضابطہ رکھتی ہے، پرویز الہٰی کے گزشتہ روز کے بیانات پارٹی ضابطے کی خلاف ورزی ہیں۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی 7 دن کے اندراپنے غیر آئینی اقدام کی وضاحت کریں، وضاحت نہ دینے پر پرویز الہٰی کے خلاف کارروائی کی جائے گی، وضاحت آنے تک پرویز الہٰی کی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا تھا میں نے پرویز الٰہی کو تجویز دی ہے کہ ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیں جبکہ اس حوالے سے گزشتہ روز چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھا ہم نے اس معاملے پر اراکین اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے اس میں فیصلہ کریں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved