خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے سے متعلق پی ٹی آئی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی سے متعلق گزشتہ روز پی ٹی آئی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے منگل کو کے پی اسمبلی توڑنے کی مخالفت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پرویز خٹک نے کہا کہ کے پی اسمبلی 20 جنوری کے بعد توڑی جائے، اسمبلی منگل کو ٹوٹی تو الیکشن رمضان میں ہوگا، رمضان میں ٹرن آؤٹ کم ہوگا الیکشن عید کے بعد ہونا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے جواب دیا کہ رمضان میں الیکشن ہوا تو بھی ٹرن آؤٹ اچھا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اور شوکت یوسفزئی نے تین چار دن بعد اسمبلی توڑنے کا کہا، چند وزراء نے بھی منگل کو اسمبلی توڑنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وزراء نے مؤقف دیا کہ سردی میں بالائی علاقوں میں انتخابی مہم میں مشکلات ہوں گی۔