نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کیلئے پرویزالہٰی اور حمزہ شہباز کے درمیان اتفاق نہیں ہوسکا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے ترجمان کے مطابق گورنر پنجاب نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر آرٹیکل 224 اے 2 کے تحت آئینی عمل آگے بڑھائیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ اتحاد نے ناصر کھوسہ، احمد نواز سکھیرا اور محمد نصیر خان کے نام نگران وزیراعلیٰ کے لیے تجویز کیے تھے۔ ناصر کھوسہ نے نگران وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی تھی۔
ن لیگ کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد چیمہ اور محسن نقوی کےنام بھجوائےگئے تھے۔
نگران وزیراعلیٰ کیلئے حکومت اپوزيشن کے پاس مشاورت سے معاملہ حل کرنے کا وقت آج رات 10 بجے تک تھا۔ اتفاق نہ ہونے پر اب معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا گیا ہے جو حکومت اور اپوزيشن کے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائيں گے۔
اس کمیٹی کو حکومت اور اپوزيشن دو دو نام بھیجیں گے، کمیٹی کو تین دن میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے کرنا ہے، ایسا نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو ان میں سے کسی ایک کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کردے گا۔