لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
شہباز گل نے اپنے خلاف مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے تک گرفتاری سے روکنے کی استدعا کی تھی، آج درخواست کی سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل وہیل چیئر پر ہائیکورٹ آئے۔
لاہور ہائیکورٹ نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض شہباز گل کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر شہباز گل کے خلاف کیسز کی تفصیلات فراہم کریں۔
یاد رہے کہ شہباز گل پر اداروں کے سربراہان کے خلاف اکسانے کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے بھی شہباز گل کی ضمانت کے خلاف درخواست واپس لیتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز گل دوبارہ اسی جرم کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے خلاف نیا مقدمہ بھی درج ہوا ہے، شہباز گل کے خلاف متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے گا۔