پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے پارلیمنٹ کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دینے پرپہلے اسپیکر ہاوس احتجاج کیا اور اب الیکشن کمیشن پہنچ گئے ہیں۔
پارلیمنٹ میں اسپیکر کی عدم دستیابی کے باعث تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے اسپیکر کی رہائش گاہ جانے کا فیصلہ کیا، تمام اراکین اکٹھے مل کر اسپیکر قومی اسمبلی کی رہائشگاہ پہنچے لیکن انہیں اسپیکر ہاوس جانے سے بھی روک دیا گیا۔
اسپیکر ہاؤس کے بعد تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی الیکشن کمیشن آف پاکستان پہنچ گئے لیکن وہاں بھی انہیں دروازے بند ملے، پی ٹی آئی اراکین کو مین گیٹ پر روک لیا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری الیکشن کمیشن کے باہر تعینات ہے۔
ذرائع کے مطابق ارکان نے اپنے استعفے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کو بھی ای میل کردیئے ہیں، اسلام آباد میں پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہے، منسٹر انکلیو ، خیبرپختونخوا ہاوس ، پنجاب ہاوس ، سندھ اور بلوچستان ہاوس کو جانے والے بھی راستہ بند ہیں۔