چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا میں خود ٹکٹوں کی تقسیم کیسے کریں گے، اس کا پلان سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ٹکٹوں کی بنیاد لیڈران کے بجائے کارکنان کی سفارشات کو بنائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کے پی کے اور پنجاب کے انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے پہلے ہر ضلعے اور ڈویژن کی تنظیم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، اب دونوں صوبوں میں ٹکٹ بڑے بڑے قائدین کی سفارش کے بجائے کارکنان کی رائے پر دیا جائے گا، عمران خان اس حوالے سے جلد ضلعی و ڈویژنل تنظیمات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کم ہونے کے باعث جن اضلاع کی تنظیمات سے ملاقاتیں ممکن نہیں ہوں گی ان سے رپورٹس بھی منگوائیں گے، کارکنان کی رائے کے بعد قائدین سے بھی رائے لی جائے گی جس کے بعد کارکنان اور قائدین کی رائے کی ایک تجزیاتی رپورٹ تیار کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قائدین اور کارکنان کی تجزیاتی رپورٹ کے بعد ہر حلقے میں ٹکٹ دینے کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔