وزیراعظم کا نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان

24  جنوری‬‮  2023

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے نوجوانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 5 لاکھ تک کے قرضے بلا سود فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو 5 سے 15 لاکھ تک کے قرضے 7 سال کے لیے 5 فیصد اور 15 سے 75 لاکھ تک کے قرضے 7 فیصد سود پر دیے جائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں، ماضی میں نوجوانوں نے 99 فیصد قرضے واپس کیے، ہم نے 40 ارب کے بلا سود پنچاب کے بچوں اوربچیوں کو وظائف دیئے، وسائل مہیا کیے گئے تو ہماری نوجوان نسل پاکستان کا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم شروع کی تھی تو کہا گیا کہ یہ سیاسی رشوت ہے، ہم نے یوتھ پروگرام کیلئے وسائل مہیا کیے ہیں، آئی ایم ایف کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم پروگرام کو جاری رکھنا چاہتے ہیں، بڑی مشکل سے وسائل اکٹھے کر کے ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے کا بھی پروگرام بنایا ہے، پاکستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے سروں کے تاج ہیں، آج ہم بڑی مشکلات میں ہیں، ہم مل کر ملک کو ا ن مشکلات سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں ہم نے یہ حکومت سنبھالی ہے، تیل کی امپورٹ پر27 ارب ڈالرز خرچ ہو چکے ہیں، پاکستان بچانے کیلئے ہمیں اپنی سیاست کو قربان کرنا ہوگا، میں پاکستان کو بچانے کیلئے اپنی ساری سیاسی کمائی قربان کر دوں گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved