الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ اگر عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیش نہیں ہوتے تو 512 کے تحت ان کو مفرور قرار دیکر غیر حاضری میں کارروائی شروع کریں گے۔
توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیسز میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل نوید انجم پیش ہوئے اور کہا کہ فرخ حبیب کے الیکشن کمیشن کے خلاف کیس کی سماعت ہائی کورٹ میں ہے لہٰذا وکیل انور منصور اس کیس کی سماعت کے لیے ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ فواد چوہدری کراچی میں ہیں، اسد عمر بھی شہر سے باہر ہیں، عمران خان زخمی ہیں، انکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے رہے ہیں۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ حاضری سے کب تک استثنیٰ لیں گے؟ کیا بڑے لوگوں کی قانونی ذمہ داری نہیں کہ پیش ہوں، ہم وارنٹ نکالتے ہیں تو ہائی کورٹ معطل کرتا ہے پھر کہتا ہے کارروائی بھی جاری رکھیں۔
کمیشن رکن کا کہنا تھاکہ تینوں افراد پر فریم چارج ہونے ہیں اس لیے کہا پیش ہوں، اگر آپ نہیں آتے تو ہم 512 کے تحت ان کو مفرور قرار دیکر غیر حاضری میں کارروائی شروع کریں گے۔
پی ٹی آئی وکیل نوید انجم نے کہا کہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے کیسز کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی۔