عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کی گرفتاری کے لئے میٹنگ کر رہی ہے۔
لال حویلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کیلئے حکومت میٹنگ کر رہی ہے، میں کل بھی عمران کے ساتھ تھا آج بھی ہوں اور رہوں گا، فواد چوہدری آج شام تک گھر آ جائے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنے کیس ختم کروانے آیا تھا، ہم بلاول بیچ دیں گے لیکن ملکی اثاثے نہیں بیچنے دیں گے۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری میں الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن گیا ہے، الیکشن کمیشن کا کام پرچے کروانا نہیں الیکشن کروانا ہے، عوام کو سمجھ جانا چاہیے یہ الیکشن نہیں کچھ اور کرنے جا رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 90 دنوں میں 2 صوبائی اسمبلیوں میں الیکشن ہونے جارہے ہیں اور الیکشن کمیشن سیاست دانوں پر پرچے کٹوا رہا ہے جو اس کا کام نہیں ہے، الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کو اتنا نہ گرائے کہ قوم کا الیکشن سے اعتباراٹھ جائے۔شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کے ارادے واضح ہو گئے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلےگرفتاریوں کا دورشروع ہوگا، جس کے بعد جام حکومت کا سڑکوں پر کام تمام ہو جائے گا، قوم کو الیکشن کی طرف جانے دیا جائے ورنہ قوم سڑکوں پر فیصلہ کرے گی۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 4 بلین سے کم اور آئی ایم ایف کی شرائط سر پر ہیں، وزیروں کا جمعہ بازار لگا ہواہے، سیاسی اقتصادی معاشی اور توانائی کا بحران حکومت کے گلے پڑنے والا ہے، ملک جام اور حکومت کا کام تمام ہے، فواد کی گرفتاری جلتی پے پیڑول کا کام کرے گی، اب ملک الیکشن کے بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے، فیصلےسڑکوں پر ہوں گے۔