پی ٹی آئی نے عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لئے وفاقی حکومت کی بنائی جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے وکیل اظہر صدیق ایڈوکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں وفاقی حکومت ، پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے، پنجاب حکومت نے تحقیقات کے لیے پہلے سے جے آئی ٹی بنا رکھی ہے، اور ایک جے آئی ٹی کی موجودگی میں دوسری جے آئی ٹی نہیں بنائی جا سکتی۔ یاسمین راشد نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کالعدم قرار دے، اور درخواست کے حتمی فیصلے تک جے آئی ٹی کو کام سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کے اختلافات اور تنازعات کے ساتھ ملزم نوید کے وکیل کے اعتراضات کے بعد 23 جنوری کو وفاقی وزارت داخلہ نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔