پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑتے وقت تحریک انصاف کو اچھی طرح مشکلات کا اندازہ تھا۔
چوہدری پرویز الٰہی کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے اتحادی چوہدری پرویز الہٰی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اتحاد کی قدر کرتے ہیں لیکن روایتی اور سودے بازی کی سیاست کو رد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیا سیاست ہے کبھی ایک سے مل کر حکومت بنائیں کبھی اور دوسرے سے۔ ووٹ بینک کوئی ہے نہیں، چار بندے اِدھر سے لیے چار اُدھر سے اور پارٹی بنالی۔
حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ کل فواد چوہدری کا کوئی نقصان نہیں ہوا، وہ قوم کا ہیرو بنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ بجے فواد چوہدری کو عدالت لانا تھا، جج کی کوئی مصلحت ہوگی وہ بھی مطمئن نظر آئے۔
سابق وفاقی وزیر نے ڈالر کی قدر سے متعلق کہا کہ اب مہنگائی آئے گی، بجلی اور گیس مزید مہنگی ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت میں ڈالر نے 25 روپے قدر کم کی، آج پاکستانی روپے پر بہت زیادہ پریشر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17-2016 میں اسحاق ڈار نے 32 ارب ڈالر ضائع کیے۔
حماد اظہر نے کہا کہ تحریک انصاف نے حکومت چھوڑی تو ڈالر 182 روپے پر تھا۔ ملک 9 مہینے پہلے 6 فیصد شرح پر ترقی کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 1996 سے روپے کی قدر میں کمی کا تناسب 6 فیصد رہا، 9 ماہ میں 3.4 فیصد ماہانہ ڈالر کی قدر میں اضافہ رہا۔