سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں اضافے کی پولیس کی درخواست منظور کرلی۔
الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونےکا فیصلہ چیلنج کیا۔سیشن جج طاہر محمود خان نے اسلام آباد پولیس کی اپیل پر سماعت کے دوران استفسار کیا کہ دو دن کے جسمانی ریمانڈ میں کیا تفتیش کی۔
پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دو دن کا جسمانی ریمانڈ ملا مگرعملی طور پر ایک دن کا جسمانی ریمانڈ ملا، فواد چوہدری کا فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ کرانا ہے، فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ لاہور میں پنجاب فارنزک لیب میں ہونا ہے۔
جج نے ریمارکس دیے کہ فواد چوہدری کے وکلا کو نوٹس کی تعمیل ہو جائے پھر دلائل سنیں گے۔
بعدازاں عدالت نے پولیس کی اپیل پر فواد چوہدری کو ساڑھے 12 بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ فاضل جج کا کہنا تھا جسمانی ریمانڈ کے لیے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔