پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے زیر حراست رہنما فواد چوہدری کے آئینی حقوق کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔
عمران خان نے خط میں لکھا کہ فواد چوہدری کو آئینی حقوق کا تحفظ فراہم کیا جائے اور اُن کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ پیش آیا جائے۔
خط میں چیئرمین پی ٹی آئی نے دوران حراست فواد چوہدری کے آئینی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی اور اعظم سواتی اور شہباز گل پرتشدد اور غیرانسانی سلوک کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ زیر چیف جسٹس پاکستان آئین کے محافظ ہونے کے ناطے زیر حراست افراد کی عزت اور وقار کے لیے اقدامات کریں کیونکہ زیر حراست افراد پر تشدد یا غیر اخلاقی اقدامات آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ’جس طرح فواد چوہدری کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر اور سر/چہرہ ڈھانپ کر ایک دہشت گردکیطرح عدالت میں پیش کیاجارہا ہے اُس سےظاہرہوتا ہے کہ امپورٹڈ حکومت اور ریاست گراوٹ کی کِن گہرائیوں میں اترچکی ہے‘۔