پنجاب میں آٹے اور چینی کے بعد پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا، کئی شہروں میں مالکان پیٹرول پمپ بند کرکے بیٹھ گئے ہیں۔
گوجرانوالہ، فیصل آباد، رحیم یار خان اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان نے دعویٰ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کم ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے کے سبب پیٹرول پمپ مالکان قیمت بڑھنے کے انتظار میں پیٹرول ذخیرہ کیے بیٹھے ہیں۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں مسترد کردی ہیں جبکہ عوام پیٹرول نہ دینے والے پمپوں کیخلاف کارروائی کے منتظر ہیں۔