سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میری ن لیگ سے ناراضگی کی کوئی وجوہات نہیں ہیں، میرا کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو میں میاں صاحب کو میسج کردیتا ہوں، ان کا جواب آجاتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خبر بنانی ہے تو بنالیں، میری کسی سے ناراضگی نہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے عمل و قول سے کبھی کوئی ایسا اظہار ہوا ہے تو بتائیں، سیاست میں کوئی ناراضگی نہیں ہوتی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اگر آپ ناراض ہیں تو سیدھا راستہ ہے، دروازہ ہے باہر نکل جائیں، اگر آپ ناراض ہیں تو کوئی قید تو نہیں ہے، ہتھکڑی تو نہیں لگی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم صاحب جو میری ذمے داری لگاتے ہیں وہ پوری کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی عہدہ، تنخواہ اور کوئی دفتر نہیں، میرے پاس کوئی گاڑی اور کوئی ڈرائیور بھی نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میاں صاحب جب بھی یاد فرماتے ہیں میں حاضر ہوں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ہر مشاورت میں شامل نہیں ہوتا، ہر مشاورت میں کوئی شخص شامل نہیں ہوسکتا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مشاورت میں متعلقہ شخص ہی شامل ہوتا ہے، یہ بڑا غلط تاثر ہے کہ ہر مشاورت میں ہر آدمی شامل ہوتا ہے، ایسے مشاورت ہوتی نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کبھی مشاورت ایک آدمی سے ہوتی ہے کبھی ایک سو سے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کے معاملے سے میرا تعلق نہیں۔