مریم کے چیف آرگنائزر بننے پر اعتراض نہیں، میراعہدے پررہنا اب مناسب نہیں تھا، شاہدخاقان

1  فروری‬‮  2023

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم  شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ انہیں مریم نواز کو پارٹی کا چیف آرگنائزر بنانے پر نہ تحفظات ہیں نہ کوئی اعتراض،  میرا عہدے پر رہنا اب مناسب نہیں تھا۔

نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی  سینئر نائب صدارت سے استعفے پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہوں، نواز شریف کا ساتھی ہوں اور 35 سال سے ہم ساتھ ہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو پارٹی کا چیف آرگنائزر بنانے پر نہ تحفظات ہیں نہ کوئی اعتراض، مریم نواز میری چھوٹی بہن ہے، میرا عہدے پر رہنا اب مناسب نہیں تھا۔

 شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مشاورت ہو تو بہتر ہوتا ہے، ہمارا اعتماد ہوتا ہےکہ لیڈر جو فیصلہ کریں بہتر ہوتا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکلات میں ہے اور یہ مشکلات ن لیگ یا اس حکومت کی پیدا کردہ نہیں، آج بھی شہباز شریف نے جو کام ذمے لگائے وہ کیے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ  الیکشن حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، اگر تاخیر ہوتی ہے تو یہ فیصلہ بھی الیکشن کمیشن کرےگا، اگر الیکشن میں تاخیر ہوتی ہے تو یقیناً معاملہ عدالت میں جائےگا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved