معروف صحافی اور ٹی وی اینکر پرسن عمران ریاض خان کو ایک بار پھر یکم فروری بروز بدھ کو رات گئے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عمران ریاض خان کے وکیل میاں علی اشفاق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران ریاض کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کیا۔وکیل کا مزید بتانا تھا کہ عمران ریاض کو لاہور ائیر پورٹ سے حراست میں لیا گیا، ان پر درج مقدمے کی تفصیل نہیں بتائی جا رہیں۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی گرفتاری خلاف قانون ہے، عدالتی فورم پر مقابلہ کریں گے۔
قبل ازیں یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ عمران ریاض خان گزشتہ شب بیرون ملک جانے کے لیے لاہور ائرپورٹ پہنچے تھے جہاں انہیں بورڈنگ سے روک دیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ عمران ریاض خان کو ایف آئی اے نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ہم یقینی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں انسانی حقوق مکمل طور پر موجود نہیں ہیں، ایک فاشسٹ ریاست ہے جہاں قانون کی حکمرانی موجود نہیں ہے‘۔
ٹوئٹ میں شامل ویڈیو میں مبینہ طور پر سائبر کرائم آفس کے باہر کھڑے شخص کو اندر ایف آئی اے کی تحویل میں موجود عمران ریاض خان سے مکالمہ کرتے سنا جا سکتا ہے۔
Imran Riaz Khan has been taken into custody by the FIA. We can safely that human right are completely non existent in Pakistan, a fascist state where rule of law is absent! pic.twitter.com/lN34QTrJMS
— PTI (@PTIofficial) February 2, 2023