قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ سنچری شراکتوں کا نیا ریکارڈ بناکر بھارتی اوپنرز روہت شرما اور کے ایل راہول کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بابراعظم اور محمد رضوان پر مشتمل اوپننگ جوڑی ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کو راس آگئی، دونوں نے رواں برس مختصر فارمیٹ کے زیادہ تر میچز میں مل کر ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا، اسی شاندار کارکردگی نے انھیں ٹی 20 انٹرنیشنلز کی جوڑی نمبر ون بنا دیا،انھوں نے ایک سال میں 4 مرتبہ ٹیم کو 150یا زائد رنز کا آغاز فراہم کیا۔
بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ میں چھٹی سنچری رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 100 رنز کی شراکت داری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔بابر اور رضوان نے یہ کارنامہ 27 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں انجام دیا۔ اس سے قبل بھارت کے روہت شرما اور کے ایل راہول نے 5 سنچری شراکتیں بنائی تھیں۔