افغانستان میں وزارت خارجہ کے قریب خودکش دھماکہ، 6 شہری جاں بحق

27  مارچ‬‮  2023

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کے قریب خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 6 عام شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت داخلہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جارہ کردہ بیان میں کہا کہ حملہ آور کو افغان فورسز نے پہچان لیا تھا جس کو دفتر خارجہ کے قریب ایک تجارتی سینٹر کے سامنے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ حملہ آور کی ہلاکت سے اس کے پاس موجود دھماکا خیز مواد بھی پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کابل میں ہسپتال چلانے والی ایک اطالوی این جی او نے تصدیق کی کہ 2 شہریوں کی لاشیں اور 12 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ تاحال کسی بھی گروپ نے حملہ کی ذاری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ کابل میں دفتر خارجہ کے قریب حالیہ تین ماہ میں ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے جبکہ ماہ رمضان میں یہ پہلا حملہ ہے۔

قبل ازیں 11 جنوری کو ایک خودکش حملہ آور نے وزارت خارجہ کے قریب خود کو بم سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوگئے تھے۔

طالبان حکام نے کہا تھا کہ حملے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

داعش گروپ افغان طالبان کے لیے تیزی سے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے جو کئی حملوں میں سینکڑوں لوگوں کو ہلاک اور زخمی کر چکا ہے، جبکہ گروپ نے طالبان حکومت کو کمزور کرنے کے لیے غیر ملکیوں یا غیر ملکی مفادات کو نشانہ بنایا ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں کابل کے ایک ہوٹل میں حملے کے دوران کم از کم 5 چینی باشندے زخمی ہوئے تھے۔

ہوٹل پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی جبکہ دسمبر میں کابل میں موجود پاکستانی سفارت خانہ پر بھی اسی گروپ نے حملہ کیا تھا جس کو پاکستان نے سفارت کار کے خلاف قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا۔

سال 2022ء کے ستمبر میں روسی سفارت خانے کے باہر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 ملازم ہلاک ہوئے تھے جس کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی۔

اگست 2021ء میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سیکیورٹی میں ڈرامائی طور پر بہتری آئی ہے لیکن داعش گروپ بڑھتا ہوا خطرہ ثابت ہوا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved