حکومت نے قومی ترقی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر ٹاسک فورس قائم کردی

15  اپریل‬‮  2023

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے قومی ترقی کے لیے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے کے پیش نظر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) پر 15 رکنی نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔

وزارت ترقی و منصوبہ بندی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس کا اہم مقصد کاروبار، ترقی، گورننس، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنانے کے لیے 10 سالہ روڈ میپ تیار کرنا ہے۔

بیان کے مطابق ٹاسک فورس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ماہرین کے ساتھ ساتھ حکومتی اور نجی شعبوں کے نمائندگان بھی شامل ہوں گے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے مستقبل قریب میں ترقی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ معیشت، گورننس اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹاسک فورس کا مقصد پاکستان کی ترقی اور نمو کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی طاقت کو بروئے کار لانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچ سکیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ٹاسک فورس کا قیام ملک کے معاشی منظرنامے کو مثبت انداز میں تبدیل کرنے کی صلاحیت کو اپنانے کے حکومتی عزم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں سرمایہ کاری کرکے پاکستان میں ترقی اور نمو کے نئے مواقع کی راہ ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی اور معاشی بہتری میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی ضرورت پر زور دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہماری گورننس، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیمی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلی کا انضمام ان شعبوں میں انقلاب لانے اور نمایاں پیش رفت لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے نشاندہی کی کہ فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے سے لے کر ذاتی نوعیت کے طبی علاج اور سیکھنے کے تجربات کو بڑھانے تک آرٹیفیشل انٹیلی ایسے حل پیش کر سکتا ہے جن تک پہلے رسائی ممکن نہیں تھی۔

واضح رہے کہ 2018 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نیشنل سینٹر برائے آرٹیفیشل انٹیلی قائم کیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved