بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں 2 سال قبل کورونا وائرس سے انتقال کرنے والا شخص اپنے گھر واپس لوٹ گیا ہے، حالانکہ اس کے گھر والوں نے مردہ شخص کی آخری رسومات بھی ادا کردی تھیں۔
مدھیہ پردیش کے ضلع دھر میں 35 سالہ کملیش نے ہفتے کے روز اپنے ایک رشتے دار کے گھر پہنچ کر انہیں سرپرائز دے دیا۔
کملیش کے اہل خانہ نے بتایا کہ جب دو سال بعد ہفتے کی صبح 6 بجے اس نے ہماری آنٹی کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا تو وہ اسے زندہ دیکھ کر حیران ہوگئیں، کیونکہ دو سال قبل جب ہم نے کملیش کی آخری رسومات ادا کیں تو اس میں وہ بھی موجود تھیں۔
زندہ واپس آنے والے کملیش کے ایک کزن نے بھارتی اخبار کو بتایا کہ ’’کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران کملیش کو اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کرنے کے بعد میت ہمارے حوالے کردی تھی، جس کے بعد گھر والوں نے اس کی آخری رسومات بھی ادا کردی تھیں، تاہم اب یہ گھر واپس آچکا ہے مگر یہ بالکل بھی نہیں بتا رہا کہ اس دوران اتنا عرصہ اس نے کہاں گزارا ہے؟‘‘
مقامی تھانے کے پولیس انسپکٹر رام سنگھ راٹھور نے کہا کہ ’’ کملیش کے گھر والوں کے مطابق وہ 2021 میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوا تھا جس کے بعد اسے گجرات کے ایک اسپتال میں داخل کروادیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے کورونا سے اس کی موت کی تصدیق کردی تھی، جس کے بعد اس کے گھر والوں نے گاؤں میں کملیش کی آخری رسومات بھی ادا کردی تھیں۔‘‘
پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ اس کے گھر والوں کو ملعوم ہوا کہ کملیش زندہ تھا اور ہفتے کے روز واپس گھر پہنچ گیا ہے۔
انسپکٹر نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ کملیش کا بیان لینے کے بعد حل ہوجائے گا۔