پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کا مظہر ہے، آرمی چیف

5  اکتوبر‬‮  2021

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی  زیرصدارت 244 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقدہوئی۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کو غیر مستحکم کرنے، امن و استحکام کو خراب کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئےاٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارتی فوج کے پاکستان کےخلاف  پروپیگنڈے کا بھی نوٹس لیا اور ملکی و علاقائی سالمیت کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈا اس اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے جو بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے، مزید کہا کہ یہ پراپیگنڈہ صرف بھارت  کی مایوسی اور ان کے اندرونی تضادات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کو ظاہر کرتا ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران شرکا نے بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سلامتی پر خصوصی توجہ کے ساتھ خطے میں سکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سپہ سالار نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور غیرملکی افواج کیساتھ تعاون اورمشترکہ مشقوں کے انعقاد میں اضافے پر زور دیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری حکام نے افغانستان میں انسانی ہمدردی اور سلامتی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور بڑے خطے میں امن و استحکام کے لیے راہ ہموار کرنے کیلئے عالمی برادری کی کا تعاون ضروری ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved