ٹک ٹاک نے ویڈیوز پوسٹ کیے بغیر بھی صارفین کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے آمدنی کا حصول ممکن بنا دیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ویڈیو شیئرنگ ایپ کی جانب سے ‘ایفیکٹ کریٹیر ریوارڈز’ فنڈ متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فنڈ کے ذریعے صارفین اپنے تیار کردہ وائرل فلٹرز اور اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ایفیکٹس کے ذریعے پیسے کما سکیں گے۔
اس فنڈ کے لیے کمپنی نے 60 لاکھ ڈالرز مختص کیے ہیں اور اس کے ذریعے ان صارفین کو کمانے کا موقع ملے گا جن کے تیار کردہ فلٹرز یا ایفیکٹس کو دیگر افراد استعمال کرتے ہیں۔
پروگرام کے مطابق ہر ایسا ایفیکٹ جسے 3 ماہ کے دوران 5 لاکھ ویڈیوز میں استعمال کیا جائے گا، اسے بنانے والے کو 700 ڈالرز دیے جائیں گے۔
5 لاکھ کے بعد ہر اضافی ایک لاکھ ویڈیوز میں اس ایفیکٹ استعمال کیے جانے پر کریٹیر کو اضافی 140 ڈالرز دیے جائیں گے۔
کمپنی کے مطابق آغاز میں یہ نیا فنڈ امریکا، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین اور برطانیہ کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے بتایا کہ جب 2022 میں ایفیکٹ ہاؤس بیٹا (beta) متعارف کرایا گیا تو ہمارا مقصد ڈیزائنرز، ڈویلپرز اور تخلیق کاروں کو ایفیکٹس کی تیاری کے لیے ٹولز فراہم کرنا تھا۔
ٹک ٹاک نے بتایا کہ یہ نیا فنڈ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے اور صارفین کو اپنے کام پر انعام حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
مئی 2023 کے آغاز میں ٹک ٹاک کی جانب سے نیا کریٹیر پروگرام متعارف کرایا گیا تھا۔
کریٹیویٹی پروگرام نامی اس فنڈ سے ٹک ٹاک صارفین مخصوص شرائط پوری کرکے اپنی ویڈیوز پر پیسے کما سکیں گے۔
آغاز میں اس پروگرام سے امریکا، فرانس اور برازیل کے صارفین فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس پروگرام میں شمولیت کے خواہشمند صارفین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ کم از کم ایک منٹ دورانیے کی ویڈیوز سوشل میڈیا ایپ پر پوسٹ کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ اکاؤنٹ کے کم از کم 10 ہزار فالوورز اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران ان کی ویڈیوز کے ایک لاکھ ویوز بھی ضروری ہوں گے۔
پرانا کریٹیر فنڈ اب بھی برقرار ہے مگر ابھی یہ واضح نہیں کہ نئے پروگرام کو توسیع دینے سے اس کے مستقبل پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
البتہ کمپنی نے بتایا کہ پرانے پروگرام میں شامل افراد نئے فنڈ میں منتقل ہو سکتے ہیں، مگر پھر وہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوگی۔
قبل ازیں مارچ 2023 میں ٹک ٹاک کی جانب سے سیریز نامی فیچر متعارف کرایا گیا تھا تاکہ تخلیق کار ایپ سے براہ راست پیسے کما سکیں۔
سیریز کے لیے اہل قرار پانے والے صارفین اپنی ویڈیوز کو ایک البم میں رکھ کر ان تک رسائی پیسوں کے عوض فراہم کر سکتے ہیں۔
اس ویڈیو البم کو سیریز البم کہا جائے گا۔
صارفین ہی طے کریں گے کہ ان کی کسی سیریز البم کو دیکھنے کی فیس کتنی ہوگی جو ایک سے 190 ڈالرز کے درمیان رکھی جا سکتی ہے۔