وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہے، جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہو گا، اجلاس میں وفاقی وزراء، این سی او سی اراکین اور عسکری حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں این سی او سی کمیٹی کو ملک میں کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دے گی، اور ملک بھر میں کورونا کیسز کے اعدادوشمار پر غور کیا جائے گا۔
قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس میں اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز اور اس کی روک تھام کیلئے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، اور اس کے متعلق اہم فیصلے کئے جانے کی بھی توقع ہے۔
اس اجلاس سے قبل سہ پہر 2 بجے وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بھی وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت کو درپیش چیلنجز، بلدیاتی انتخابات اور آئندہ کی حکمت عملی کے امور زیر بحث لائے جائیں گے۔