ایلون مسک نے چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں اپنی اے آئی کمپنی قائم کر دی

13  جولائی  2023

ٹیسلا سمیت متعدد کمپنیوں کے مالک ایلون مسک اپنے حیران کن منصوبوں کے لیے جانے جاتے ہیں، جیسے مریخ پر انسانوں کو لے جانا، ٹوئٹر کو بدلنا یا دیگر، اب وہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے شعبے کو بدلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے ایلون مسک نے ایک اے آئی کمپنی ایکس اے آئی (xAI) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں اس کمپنی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کمپنی کا مقصد حقیقت کو سمجھنا ہے۔
اس کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق ایلون مسک سمیت 12 افراد کی ٹیم اس کا انتظام سنبھالے گی۔
ویب سائٹ میں بتایا گیا کہ یہ سب افراد اوپن اے آئی، ڈیپ مائنڈ، گوگل ریسرچ، مائیکرو سافٹ ریسرچ اور ٹیسلا جیسی کمپنیوں میں کام کر چکے ہیں، تاہم کمپنی کے حوالے سے مزید تفصیلات فی الحال نہیں بتائی گئیں۔

البتہ ایلون مسک سمیت کمپنی کے عہدیداران 14 جولائی کو ٹوئٹر اسپیسز پر عوام سے بات کریں گے، جس کے دوران ممکنہ طور پر کمپنی کے مقاصد کے بارے میں تفصیلات بتائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ ایلون مسک عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کو لاحق سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیتے آرہے ہیں۔

ایلون مسک کی جانب سے اے آئی ماڈلز جیسے چیٹ جی پی ٹی 4 (اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ کا نیا ورژن) پر خدشات ظاہر کیے گئے ہیں جو ان کے بقول گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔

مارچ 2023 میں ایلون مسک نے 18 سو افراد کے ساتھ ایک کھلے خط پر دستخط کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ اے آئی کے شعبے میں تحقیق کو 6 ماہ تک روک دیا جائے گا۔

اس کمپنی کی تشکیل کے لیے ایلون مسک کئی ماہ سے کام کر رہے تھے اور اسے مارچ میں امریکی ریاست نویڈا میں رجسٹر بھی کرایا گیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved