کیامریم صفدر بھارت کے پاکستان مخالف پراپیگنڈے کی قیادت کر رہی ہیں؟؟

6  اکتوبر‬‮  2021

اسلام آباد – 6اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے سلامتی کے اداروں کے خلاف ہندوستانی پروپیگنڈہ مہم کو پاکستان میں مریم صفدر آگے بڑھا رہی ہیں ، اپنی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر ہر سماعت میں مریم صفدر خود وکیل کی غیر حاضری یا نئی درخواستوں کے ذریعے رکاوٹیں ڈال رہی ہیں ،یہ لوگ ذاتی سلامتی کیلئے  پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کو نقصان پہنچانے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ، پانامہ پیپرز میں نواز شریف ،مریم صفدرکو شواہد پیش کرنے کے متعدد مواقع فراہم کئے گئے، ماسوائے قطری خط اور کیلبری فونٹ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے کچھ پیش نہیں کیا گیا ، مریم کہتی ہیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں ہے، ان کا بھائی کہتا ہے کہ الحمداللہ ایون فیلڈہمارے ہیں اور مریم نواز بینفیشل اونر ہیں ،مریم میں اتنی اخلاقی جرات ہے تو وہ اس جھوٹ پر قوم سے معافی مانگیں ، تین مرتبہ سابقہ نااہل وزیراعظم وزارت عظمی پر رائج ہوئے تو ملکی خزانے کو لوٹنے کے بعد منی لانڈرنگ سے پیسے لے جاتے رہے۔

بدھ کواسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ 3اپریل 2016کو پانامہ پیپرز سامنے آتے ہیں، نواز شریف قومی اسمبلی میں اپنے ذرائع سے متعلق بیان دیتے ہیں ،قومی اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر جھوٹ بولتے ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا  کہ میاں نواز شریف کو سات ماہ سپریم کورٹ میں موقع فراہم کیا جاتاہے کہ لندن کے فلیٹس 16,16اے ، 17اے اور 17نمبر فلیٹس کے ثبوت پیش کریں ،نواز شریف قومی اسمبلی کے اپنے بیان سپریم کورٹ میں تبدیل کرتے ہیں اور جعلی قطری خط پیش کرتے ہیں جو ان کا مذاق بنتا ہے۔ سپریم کورٹ کیس سنتی ہے ، جعلی کیلبری فونٹ متعارف کرایا جاتا  ،جے آئی ٹی بنتی ہے ،جے آئی ٹی تین ماہ میں اپنی رپورٹ جمع کراتی ہے ،جے آئی ٹی رپورٹ میں پتہ چلتا ہے کہ ملک کا وزیراعظم کسی دوسرے ملک کی کمپنی میں نوکری کا اقامہ ہولڈر ہے،پوری ن لیگ اقامہ لیگ بنی ہوئی تھی ، اس کے بعد ایک سال تین ماہ احتساب عدالت اپنا ٹرائل مکمل کرتی ہے اور اقامے پر نواز شریف نااہل ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں شریف کی آمدن 9لاکھ 36ہزار روپے تھی تو اربوں کے فلیٹس کیسے خرید لئے تھے ، قوم اپنی چوری بچانے کے لئے دوسروں پر الزامات نہیں لگانے دے گی ،آپ نے کرپشن کی ہوئی ہے اسی لئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں ۔

مریم صفدر بھارتی پراپیگنڈے کی قیادت کر رہی ہیں

وزیر مملکت کا پریس کانفرنس میں مزید کہنا تھاکہ مریم صفدر ارشد ملک ویڈیو کا ہر جگہ ذکر کرتی ہے لیکن آج تک اس ویڈیو کو بطور شواہد عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ مریم صفدر کو ایوان فیلڈ پر سزا احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے دی ، جج ارشد ملک کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔

 کل مریم صفدر نے جو پیٹشن دائر کی ہے اس میں ایک سابقہ جج کا سہارا لیا اسکا مطلب ہے کہ آپ کے پاس میرٹ پر کہنے کو کچھ نہیں ہے ، پوری دنیا کو آشکار ہے پاکستان کی سلامتی اور اداروں کو نقصان پہنچانے کے لئے ہندوستان کہاں کہاں پروپیگنڈے کر رہا ہے ،بھارت سکیورٹی اداروں کے خلاف جو مہم چلارہا ہے ،پاکستان میں مریم اس مہم کی قیادت کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر بتائے کہ کیا نیلسن اور نیسکول عمران خان یا پاکستان کے کسی سکیورٹی ادارے نے بنائی تھی ، کیلبری فونٹ کی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ یا قطری خط کسی عدالت یا ادارے نے بنایا تھا ، یہ مذاق آپ کا اپنا بنایا ہوا ہے اقامے بھی خود ہی بنائے ہو ئے تھے ، حسن نواز،نواز شریف اور مریم صفدر کرپشن کے پیسے ایک دوسرے کو دیتے رہے ہیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے ادارے ،مسلح افواج دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، انہوں نے دہشت گردی کا قلع قمع کیا ۔

سپریم کورٹ اور نیب پر حملہ کرنے والوں کو شرم نہیں آتی

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ سپریم کورٹ پر حملہ ،نیب پر حملہ کرنے والے ہیں ،ان کو شرم بھی نہیں آتی ،جسٹس قیوم کو فون پر فیصلہ لکھواتے رہے ہیں ، شریف خاندان اس فیصلے کی آڑ لے رہاہے جو اپنے دور میں فون پر لکھوایا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں سے شفاف ٹرائل کا موقع دیا ، علاج کے لئے ضمانت ملتی ہے ،نواز شریف بھگوڑے بن کے بیٹھے ہوئے ہیں، اپنے مذموم مقاصد کے لئے سکیورٹی اداروں کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کو چاہیے کہ وہ اس عمل کی حمایت کرے کہ ان کے خلاف کیسز کی یومیہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved