انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ 22 برس بعد اپنی سرزمین پر ایک ٹیسٹ کیلئے زمبابوے کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ زمبابوے نے آخری مرتبہ 2003 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔
زمبابوے کی ٹیم 2025 میں چار دن پر مشتمل ایک ٹیسٹ کھیلنے کے لیے انگلینڈ جائے گی، 2003 یعنی 22 برس کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ زمبابوے کی ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔
دونوں ٹیمو ں کے درمیان 2003 میں لارڈز میں ٹیسٹ کھیلا گیا تھا جس میں ڈیبیو کرنے والے انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے حریف ٹیم کے خلاف 73 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ گاؤلڈ کے مطابق ہم زمبابوے کرکٹ کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے پرجوش ہیں اور 2025 میں اپنی سرزمین پر زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔