پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ جنگی مشقیں

7  اکتوبر‬‮  2021

بحری مشق نسیم البحر 13 کے دوران پاک بحریہ، رائل سعودی نیول اور ائیر فورسز نے شمالی بحیرہ عرب میں شاندار فائر پاور ڈسپلے کے ذریعے مشترکہ حربی تیاری اور جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی نے دونوں ممالک کے بحری اور فضائی یونٹس کی جانب سے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔

فائر پاور ڈسپلے میں پہلی بار رائل سعودی ائیر فورس کے ایف 15 ایس/ اے جہاز کی شمولیت سے مشق نسیم البحر 13 کے دوران کئے جانے والے مشترکہ میری ٹائم آپریشنز میں ایک منفرد پہلو کا اضافہ ہوا۔ مشق نسیم البحر 13 میں سمندر میں روایتی خطرات کے خلاف مشترکہ رد عمل کا عملی مظاہرہ شامل تھا۔

لائیو ویپن فائرنگ کے دوران پاک بحریہ، رائل سعودی بحریہ اور رائل سعودی ائیر فورس کے پلیٹ فارمز نے اپنے متعلقہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ مشق کا مقصد نیول وارفئیر اور میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے مختلف پہلووؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کی افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت اور آپریشنل تیاری میں اضافہ تھا۔

بعد ازاں دونوں افواج کے سربراہان نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ جوائنٹ فلیٹ ریویو کے دوران پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے جہازوں کا سمندر میں معائنہ کیا۔

یاد رہے کہ مشق نسیم البحر ہر دو سال بعد منعقد کی جانے والی آپریشنل مشقیں ہیں جو دو دہائیوں کے دوران پاک سعودی اسٹریٹجک تعلقات اور سمندری خطرات سے نبرد آزما ہونے اور دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved