قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھارتی ٹیم کے سارے کھلاڑیوں کو اکیلے ہی آؤٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
انسٹاگرام پر میزبان اور اداکار مومن ثاقب کی جانب سے حارث رؤف سے گفتگو کی مختصر ویڈیو شیئر کی گئی جس میں مومن ثاقب نے حارث سے ایشیا کپ میں پاکستان کے دوسرے میچ سے متعلق سوال کیا۔
مومن نے حارث سے سوال کیا کہ آپ ہفتے کو ہونے والے پاک بھارت میچ کیلئے کیا خواہش رکھتے ہیں ؟ اس بار بھارت کی کتنی وکٹیں لیں گے؟
اس پر حارث نے کہا کہ میرا دل تو دل کرتا ہے بھارت کے 10 کے 10 میں ہی آؤٹ کروں لیکن ایسا نہیں ہوتا کیوں کہ ہمارے باقی کھلاڑی بھی آئے ہیں وہ بھی لیں گے ۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ ہائی پریشر میچ ہے جس میں ہر کھلاڑی پر پریشر ہوتا ہے لیکن جو پرفارم کرتا ہے اس کو سراہا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا اہم میچ 2 ستمبر کو پالی کیلے میں کھیلا جائے گا جب کہ نیپال کی ٹیم 4 ستمبر کو بھارت کے مد مقابل ہوگی۔
ایشیا کپ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جارہا ہے جس میں ایونٹ کے 4 میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔