ماہرین نے پاکستان کی میزبانی میں جاری ایشیا کپ کے دوران سری لنکا میں ہونے والے میچز کے بارشوں سے متاثر ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔
ماہرین نے سری لنکا میں شیڈولڈ پاک بھارت میچ کے دوران بارش کے 80 فیصد امکانات کی پیش گوئی کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں اگست اور ستمبر کے مہینے میں میچز کا بارش کی نذر ہونا نئی بات نہیں، بارشوں کی وجہ سے ان مہینوں میں بہت کم میچز رکھے جاتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا نے پالیکلے میں 33 ون ڈے میچز کی میزبانی کی ہے جن میں اگست اور ستمبر میں صرف 3 ون ڈے میچز کھیلے گئے یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ سری لنکا کرکٹ مون سون کے سیزن میں یہاں میچز نہیں رکھتا۔
ایشیا کپ 2023 کے میچز کی میزبانی سری لنکا کو نہیں کرنا تھی تاہم بھارت کی جانب سے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تجویز پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ہائبرڈ ماڈل متعارف کروایا۔
ہائبر ماڈل کے تحت پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کے 4 میچز پاکستان جبکہ فائنل سمیت 9 میچز سری لنکا میں شیڈولڈ ہیں۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق پاک بھارت میچ کے دوران 80 فیصد سے زائد بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، اگر میچ بارش کی نذر ہوتا ہے تو پھر دونوں ٹیموں کو یکساں پوائنٹس ملیں گے۔
ماہرین کے مطابق میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے پاکستان سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کر جائے گا جبکہ بھارت کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے نیپال کو شکست دینا ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں نیپال کو 238 رنز سے شکست دی تھی۔ ملتان میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے پہلے میچ پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم نےکپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 343 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا، جواب میں مہمان ٹیم 24 ویں اوور میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔