امیتابھ بچن کو کرکٹ ورلڈکپ کے میچز دیکھنے کیلئے خصوصی گولڈن ٹکٹ جاری

5  ستمبر‬‮  2023

بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو رواں سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے میچز دیکھنے کے لیے خصوصی گولڈن ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔ 

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے  لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو ورلڈکپ میچز دیکھنے کیلئے گولڈن ٹکٹ پیش کیا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری  جے شاہ کو ورلڈکپ کا گولڈن ٹکٹ سپر اسٹار آف دی ملینیم  امیتابھ بچن کو  پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ لیجنڈری اداکار اور کرکٹ کے شوقین محترم امیتابھ بچن کی بھارتی ٹیم کے لیے غیر متزلزل حمایت ہم سب کو متاثر کرتی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

بھارت ورلڈکپ کا پہلا میچ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈولڈ ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بھارت نے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

ورلڈکپ میں ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، شبمن گل، شریاس ائیر، ایشان کشن اور کے ایل راہول شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نائب کپتان ہاردیک پانڈیا، سوریا کمار یادیو، رویندرا جڈیجا اور کلدیپ یادیو بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ورلڈکپ کے لیے شاردل ٹھاکر، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، محمد شامی اور محمد سراج بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved