پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ ذکا اشرف نے پاکستانیوں کو کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بھارتی ویزے جاری نہ ہونے پر سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی سے رابطہ کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ذکا اشرف اور سیکرٹری خارجہ کے درمیان پاکستانی صحافیوں اور مداحوں کو ویزے جاری ہونے میں تاخیرکے معاملے پر بات ہوئی، چیئرمین پی سی بی نے ویزوں کے اجرا میں تاخیر پر تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا۔
پی سی بی کا کہنا ہےکہ ذکا اشرف نے اس معاملے پر پاکستان ایمبیسی کے ذریعے بھارتی وزارت داخلہ سے رابطہ کرنےکی درخواست کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیئرمین نے بھارت میں پاکستان ٹیم کی سکیورٹی پر بھی بات کی اور بھارتی میڈیا میں سکیورٹی تھریٹس کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔
پی سی بی کے مطابق ذکا اشرف نے بھارت میں ٹیم کی سکیورٹی پر حکومت سے اقدامات کی درخواست کی ہے۔