وحید مراد کی بیوہ سلمیٰ مراد انتقال کر گئیں

14  اکتوبر‬‮  2023

پاکستان کے پہلے رومانوی چاکلیٹی ہیرو کہلانے والے مرحوم اداکار وحید مراد کی بیوہ سلمیٰ مراد طویل العمری سمیت طبی مسائل کے باعث انتقال کر گئیں۔

وحید مراد کے بیٹے نے فیس بک پوسٹ میں اپنی والدہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ 13 اکتوبر کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انتقال کر گئیں اور ان کی تدفین 14 اکتوبر ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے قبرستان میں کی گئی۔

انہوں نے والدہ کے انتقال کے حوالےسے مزید کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم سلمیٰ مراد طویل العمری کے باعث متعدد طبی مسائل کا شکار تھیں۔

وحید مراد نے کیریئر کے آغاز میں ہی سلمیٰ مراد سے 1960 کے بعد شادی کی تھی اور دونوں کو تین بچے تھے، جس میں سے ایک بیٹی پیدا ہوتے ہی انتقال کر گئی تھیں۔

وحید مراد نے شادی کے بعد ہی کیریئر کا عروج دیکھا اور شادی شدہ زندگی میں ہی اس وقت کی مقبول اور بولڈ اداکاراؤں کے ساتھ فلمیں کیں اور ان کی جوڑی کو تقریبا ہر اداکارہ کے ساتھ سراہا گیا۔

اگرچہ زندگی میں وحید مراد کے دیگر اداکاراؤں کے ساتھ اسکینڈلز کی خبریں سامنے آتی رہیں لیکن اس باوجود اداکار اور ان کی اہلیہ کے درمیان کبھی کوئی اختلاف نہیں ہوا تھا۔

وحید مراد کامیاب کیریئر دیکھنے کے بعد 23 نومبر 1983 کو کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے، اس وقت ان کی مبینہ خودکشی کی خبریں بھی چلی تھیں لیکن آج تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ ان کی موت کیسے ہوئی تھی؟

اس وقت کی رپورٹس کے مطابق وحید مراد کو ممکنہ طور پر ہارٹ اٹیک ہوا تھا، جس وجہ سے وہ فوری طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے چل بسے تھے۔

وحید مراد نے 120 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں 8 پنجابی اور ایک پشتو فلم بھی شامل تھی۔

انہیں 1964 میں ہیرا اور پتھر، ارمان (1966)، عندلیب (1969) اور مستانہ ماہی (1971) میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ جبکہ 2002 میں لائف ٹائم لیجنڈ ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ انتقال کے 27 سال بعد 2010 میں حکومت پاکستان نے بھی انہیں سول ایوارڈ سے نوازا۔

وحید مراد کا 1980 میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خطرناک روڈ ایکسیڈنٹ ہوا تھا، جس میں ان کا چہرہ شدید متاثر ہوا، جس کے بعد وہ اسکرین سے بھی دور ہوئے اور 1983 میں فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

ان کی بیوہ سلمیٰ مراد نے چند سال قبل ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے اور وحید مراد کے درمیان کبھی کوئی اختلافات نہیں ہوئے تھے لیکن اخبارات ان سے متعلق جھوٹے خبریں شائع کرتے رہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وحید مراد اور وہ دونوں ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے تھے، ایک طرح سے دونوں ایک ساتھ پلے بڑھے تھے لیکن دونوں کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

سلمیٰ مراد نے بتایا تھا کہ پھر اچانک وحید مراد نے انہیں شادی کی پیش کش کی اور وہ انہوں نے نہ چاہتے ہوئے بھی ان سے شادی کی، کیوں کہ اس وقت وہ شادی کے لیے تیار نہ تھیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وحید مراد کے انتقال کے بعد انہیں متعدد بار دوسری شادی کے مواقع ملے لیکن انہوں نے کبھی دوسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے کا نہیں سوچا۔

انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وحید مراد کے انتقال کے بعد وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں، جس سے نکلنے کے لیے انہوں نے خود کو متعدد کاموں میں مصروف رکھا۔

سلمیٰ مراد کے انتقال پر شوبز شخصیات سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے اظہار افسوس کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved