عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ پہلے سے دریافت شدہ تمام ویریئنٹ کی نسبت سب سے زیادہ تیزی سے منتقل ہونے والا وائرس اومیکرون اور ڈیلٹا ویریئنٹ بیک وقت تیزی سے پھیل رہے ہیں، جس سے کوروناکیسز کا نیا سونامی آنے کا اندیشہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیڈروس ایڈہانوم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ان دونوں ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے باعث دوہرا خطرہ ہے، جس کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد اور اموات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلے سے تھکاوٹ کے شکار محکمہ صحت کے عملے اور مشکلات سے دوچار نظام صحت پر مزید دباؤ ڈالتے ہوئے اسے تباہی کے دہانے پر پہنچا دے گا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم کا ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہاتھا کہ کورونا کے کسی بھی ویریئنٹ کے باعث ان کی ہلاکت کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔