پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے کپتان بابر اعظم کو تمام فارمیٹس میں کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے اوپنر عبداللہ شفیق کو کپتانی کیلئے بہترین انتخاب قرار دے دیا۔
گزشتہ دنوں کرکٹ ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ عبداللہ شفیق نے حالیہ دنوں میں زبردست کھیلا ہے تاہم وہ اپنی شاٹ سلیکشن پر مزید محنت سے پاکستان کرکٹ میں طویل عرصے تک کپتان کے طور پر بہت کامیاب ہو سکتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سرفراز احمد کو کپتان مقرر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ریورس گیئرز کا سہارا لینے کی بالکل ضرورت نہیں، پاکستان کو اگلے 10 سال کے لیے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔
محمد آصف کے خیال میں عبداللہ شفیق واحد نوجوان کھلاڑی ہیں جو مستقبل میں کامیاب کپتان بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم شدید تنقید کی زد میں ہیں اور انہیں کپتانی چھوڑنے کے مشورے دیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب بابر اعظم نے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم پی سی بی اور سابق کرکٹرز کے رویے سے مایوس ہیں، وہ کپتانی کے حوالے سے اپنے والد کے مشورے کو اہمیت دیں گے۔