محمد یوسف کو پی سی بی میں اہم عہدہ مل گیا

19  ‬‮نومبر‬‮  2023

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

محمد یوسف کا پہلا اسائنمنٹ 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والا انڈر19 ایشیاکپ اور 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والا انڈر 19 ورلڈکپ ہوگا۔

اس سے قبل سابق کرکٹر محمد یوسف پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔

سابق کرکٹر کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 سے 2010 تک اپنے کریئر میں 7 ہزار 530 ٹیسٹ رنز اور 9 ہزار 720 ون ڈے رنز اسکور کیے۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری سونپے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کے شکر گزار ہیں۔ وہ انڈر19 ایشیاکپ اور انڈر19 ورلڈکپ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کے منتظر ہیں، دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کیلئے اہم ہیں اور امید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کی سینئر ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں لہذا وہ اپنا تجربہ انڈر19 سیٹ اپ میں بھی بروئے کار لائیں گے تاکہ انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جاسکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کیلئے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کے تقرر کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل ٹیم ڈائریکٹر اور بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں محمد حفیظ کو سونپی گئی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved