امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

9  اکتوبر‬‮  2021

امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے پی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 42 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی، یہ باعث فخر ہے، صرف امریکہ ہی نہیں پوری دنیا پاکستان کی مشکور ہے۔

انہوں نے افغان جنگ اور وہاں سےامریکی فوجیوں کے انخلاء کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا خوش ہے کہ پاکستان نے بھی افغانستان میں جامع حکومت اور ترقی کا مطالبہ کیا ہے، اس پہلو سے افغانستان کے عوام کی زندگی بہتر بنائی جاسکتی ہے، پاکستان نے فوجوں کے انخلاء میں بھی وسیع البنیادتعاون کیا۔

وینڈی شرمین نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ کورونا وبا کے متعلق حکومتی پالیسیوں پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی سے کورونا وبا کا مقابلہ کیا ہے۔

مسئلہ کشمیر پر امریکی مؤقف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں احساس ہے کہ یہ ایک طویل، پیچیدہ اور تاریخی مسئلہ ہے،امریکا اس معاملے پر مذاکرات پر زور دے گا۔

امریکی نائب سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ افغانستان میں حالیہ واقعات کے بعد پاکستان سے ایک وسیع ایجنڈے کے ساتھ مصروف رہے، افغانستان کی بہتری کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر اقدامات کرتے رہیں گے۔

وینڈی شرمن نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کی جس میں افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved