غزہ میں اسرائیلی جارحیت 63 ویں روز بھی جاری ہے اور شہید افراد کی تعداد ساڑھے 17 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 17 ہزار 487 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ شہید ہونے والے افراد میں 70 فیصد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
مجموعی طور پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 310 فلسطینی شہری اسرائیلی کارروائیوں میں شہید ہوئے۔
بیان کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 46 ہزار 480 سے زائد ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ متعدد افراد ابھی بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق جنوبی غزہ میں مریضوں کے لیے علاج کے لیے جگہ ختم ہوچکی ہے اور اس وقت اسپتالوں میں بستر دستیاب نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ طبی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے اور بین الاقوامی اداروں کو غزہ کے طبی شعبے کی بحالی کے لیے مدد کرنی چاہیے۔