پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نےکہا ہےکہ لوگوں کو بلا کر الیکشن سے پہلے سلیکٹ کیا جا رہا ہے، مرضی کے لوگ الیکشن میں جتوانے ہیں تو ہم اپنا بندوبست کریں گے۔
چمن میں پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بلاکر الیکشن سے پہلے سلیکٹ کیا جا رہا ہے، میں اسلام آباد جا رہا ہوں، نواز شریف، فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کروں گا، الیکشن سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کی کانفرنس بلائی جائے، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے نیا عمرانی معاہدہ کریں۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ پاکستان کے وفادار ہیں، اگر مزید سخت احتجاج پر مجبور کیا تو ملک کا نقصان ہوگا،لوگ یہاں بھوکے مر رہے ہیں اور حکومت پاسپورٹ پالیسی اپنانے پر بضد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا، روس اور چین کے مفادات کی جنگ میں ایک بار پھر ہمیں دھکیلا جا رہاہے، افغانستان میں طالبان حکومت اور پاکستان عقلمندی سے کام لیں، ورنہ ہماری سرزمین پر پھر سے آگ لگ جائےگی۔