قومی اسمبلی مودی کا جو یار ہے غدار ہے کے نعروں سے گونج اٹھی

15  جون‬‮  2021

کلبھوشن سے متعلق بل حکومت نے منظورکرلیا
حکومت نے 21 قوانین کی منظوری دے دی جس میں متنازع انتخابی (ترمیمی) بل 2020 اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ اپوزیشن کے اراکین نے قومی اسمبلی سے واک آئوٹ کیا اور تین بار کورم کی نشاندہی کی لیکن ہر بار سپیکر نے ایوان کو ترتیب میں قرار دیا اور کارروائی جاری رکھی، جس کی وجہ سے اپوزیشن شور شرابہ اور احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئی۔ ڈان کے مطابق ایک موقع پر اپوزیشن نے ایک تحریک پر سپیکر اسد قیصر کے رولز کو معطل کرنے کے لئے زبانی ووٹنگ کے فیصلے کو چیلنج کیا جس پر سپیکر نے فزیکل ووٹ کا حکم دیا اور اپوزیشن کو 101-112 ووٹ سے شکست ہوئی۔

اپوزیشن اراکین سپیکر کی ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور ‘مودی کا جو یار ہے غدار ہے’ اور ‘کلبھوشن کو پھانسی دو’ جیسے نعرے لگائے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی احسن اقبال نے نشاندہی کی کہ حکومت نے بھارتی جاسوس کو ریلیف دینے کے لئے بھاری قانون سازی کے ایجنڈے میں اس بل کو شامل کیا۔رولز کو معطل کرنے کے بعد بل کو ایجنڈے پر لانے کے حکومتی اقدام پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔

اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی کہانی تم نے بگاڑی اور مجھے اپوزیشن بینچوں سے پاکستان کی نہیں، ہندوستان کا موقف سنائی دے رہا ہے۔ ایوان میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو مو¿ثر بنانے کے لیے نظر ثانی کا بل آرڈیننس 2020 منظور کرلیا گیا، بل وفاقی وزیر فروغ نسیم کی جانب سے پیش کیا گیا۔ بل کی منظوری کے بعد اب بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سمیت تمام غیر ملکیوں کو فوجی عدالتوں کی سزا کے خلاف اپیل کا حق مل جائے گا۔

اس حوالے سے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کا حق ہے کہ ان کی رائے بھی لی جائے، میں آپ پر تنقید نہیں بلکہ اپیل کررہا ہوں کہ آپ اپنی طاقت استعمال کریں گے اور رولز کو منسوخ نہیں کریں گے، اگر ہنگامی مسئلہ ہو، قومی سانحہ ہے اور ہمیں کچھ فوری طور پر کرنا ہے تو ہم ضرور کرنے کو تیار ہوں گے لیکن آپ اپنی ذمے داری نبھائیں، فورم کو صحیح طریقے سے استعمال کریں، کمیٹیز کو بھی صحیح طریقے سے چلائیں تاکہ ہم عوام کے مسائل حل کر سکیں اور عوام کے لیے زیادہ مصیبت پیدا نہ کریں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved