4کسانوں کو گاڑی کے نیچے کچلنے کا واقعہ، بھارتی وزیر مملکت داخلہ کا بیٹا گرفتار

11  اکتوبر‬‮  2021

بھارت میں کسان مظاہرین کو اپنی گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے والے بھارتی وزیر مملکت داخلہ کے بیٹا اشیش مشرا کو پولیس نے شدید عوامی احتجاج کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریاستی دارالحکومت لکھنو کے شمال میں 130 کلومیٹر دور جاری کسانوں کے احتجاج میں کار نے 4 مظاہرین کو کچل دیا تھا اور یہ گاڑی وزیر مملکت برائے داخلہ کے بیٹے کی تھی۔

جبکہ وزیر مملکت داخلہ اجے کمار مشرا کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کا بیٹا اُس جگہ پر نہیں تھا اور کار ہمارا ڈرائیور چلا رہا تھا جہاں  کسانوں کے احتجاج میں موجود شرپسند عناصر کی جانب سے ان پر پتھراؤ، لاٹھیوں اور تلواروں سے حملہ کیا گیا جس کے بعد گاڑی ان کے کنٹرول سے باہر ہوگئی اور کسانوں پر چڑھ گئی۔

اس واقعے کے خلاف  اور کسانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے بھارتی پنجاب کے رکن اسمبلی اور کانگریس کے رہنماء نووجوت سنگھ سدھو دیگر اراکین اسمبلی کے ہمراہ چندی گڑھ میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا اور اشیش مشرا کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، لیکن احتجاج کے باعث  سدھو  اور پریانکا گاندھی سمیت متعدد اراکین اسمبلی کو گرفتار کر لیا گیا جس کی وجہ  سے احتجاج کا دائرہ کار مزیدوسیع ہوتا گیا۔ عوامی دبا ؤ بڑھنے کی وجہ سے پولیس نے انہیں سمن بھیجا لیکن اشیش مشرا نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا۔

وزیر مملکت داخلہ کے بیٹے کے عدم تعاون کی وجہ سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں حراست میں لینے کا فیصلہ کیا۔

واقعے کی تفتیش کرنے والے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اپندرا اگروال کا کہنا ہے کہ پولیس نے اشیش مشرا کو 10 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے سوال و جواب کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved