ایران کی پاکستان کو انتخابات کے انعقاد اور حکومت سازی پر مبارکباد

25  فروری‬‮  2024

ایران نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد اور اس کے نتیجے میں شروع ہونے والی حکومت سازی پر پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیر نے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور غزہ کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ خارجہ حسین امیر نے پاکستانی ہم منصب سے گفتگو میں اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں نئی پارلیمنٹ جلد اپنے کام کا آغاز کرے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے طے معاہدوں اور سمجھوتوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

جس پر پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کامیاب الیکشن کے انعقاد اور حکومت سازی کی مبارک باد دینے پر اپنے ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید استحکام کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں کی گفتگو کا محور غزہ کی صورت حال بھی رہی اور عالمی برادری سے اسرائیل کی جارحیت کو بند کروانے اور فلسطین کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہر عالمی فورم پر آواز اُٹھائی جائے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved