قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا، جس کے بعد سے ان کے مداحوں اور ساتھی کرکٹرز کی جانب سے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اسی دوران قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا پروفیسر حفیظ کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اہم بیان سامنے آیا ہے۔ گذشتہ روز نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ محمد حفیظ کی پریس کانفرنس سن رہے تھ،ے اور ان کے رویے سے واضح طور پر محسوس ہو رہا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے مزید کھیلنا چاہتے تھے، اور وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان مجبوری میں کر رہے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے پی سی بی اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں فقدان پر بات کرتے آئے ہیں، اور محمد حفیظ کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کو متنازع نہیں بننے دیا۔
یاد رہے کہ محمد حفیظ نے گذشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، اور وہ پاکستان کیلئے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی محمد حفیظ کے شاندار کرکٹ کیریئر پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔