ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے بھارت کا دورہ ملتوی کردیا

20  اپریل‬‮  2024

ٹیسلا اور سماجی رابطے کی سائٹ ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے بھارت کا دورہ ملتوی کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کا بھارت کا دورہ طے تھا جسے انہوں نے اچانک ملتوی کردیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ایلون مسک کے دورہ بھارت کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی طے تھی اور ان کے دورے کو جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں ٹیسلا کی انٹری کے طور پر دیکھا جارہا تھا تاہم اب ان کا دورہ بغیر کسی وجہ کے ملتوی کردیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کے دورہ بھارت ملتوی ہونے کی فوری طور پرکوئی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے اور بھارتی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے بھی اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

خبر ایجنسی رائٹرز کی جانب سے 10 اپریل کو ایلون مسک کے دورہ بھارت کی خبر دی گئی تھی جس کے بعد ایکس پر جاری بیان میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ بھارتی وزیراعظم مودی سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ایلون مسک کے دورہ بھارت کے دوران 2 سے 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع تھا جس میں بھارت میں کار فیکٹری کے قیام کو اہم سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved