وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک فیز 2 کیلئے عزم کا اعادہ

20  اپریل‬‮  2024

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی ہم منصب سے ملاقات کرکے پاکستان کی ترقی میں چین کے تعاون کو سراہا اور سی پیک فیز 2 پر کام تیز کرنے کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ملاقات کے موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک کا فیز ون انفرااسٹرکچر کی تعمیر سے متعلق تھا جبکہ سی پیک فیز 2 اقتصادی زونز کی فعالیت سے متعلق ہوگا۔  پاکستان مالی سال 26-2025 کےدوران چینی پانڈا بانڈ لانچ کرنا چاہتا ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے عالمی اداروں میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

اس سے پہلے وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب میں عالمی بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیا تھا جس میں پاکستان کیلئے 2047 تک ایک اعلیٰ درمیانی آمدنی والا ملک بننے کا ایک واضح روڈ میپ پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی معیشت 2047 تک 300 بلین ڈالر سے 3 ٹریلین تک بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

واشنگٹن میں چینی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں بھرپورکردار ادا کیا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان طویل اور بڑے قرض کی تلاش کر رہا ہے، پاکستان اگلے پروگرام میں کم از کم 6 ارب ڈالر کا نیا ٹیب کھولے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قرض پر اتفاق ہوا تو اضافی فنانسنگ کی بھی درخواست کریں گے، رواں سال یا اگلے مالی سال کے دوران بڑا خطرہ نظر نہیں آرہا۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں سے مثبت بات چیت رہی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے علاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مسٹر مارٹن رائزر سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں اصلاحات اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved